یہ کہنا غلط ہے کہ اسٹیٹ بینک کو بیچ دیا: امجد علی خان

(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی امجد علی خان کا کہنا ہے کہ کل اسٹیٹ بینک بل کے ذریعے بینک کو خود مختاری دی گئی ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ اسٹیٹ بینک کو بیچ دیا۔

قومی اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی امجد علی خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بات کی گئی کہ جلدی میں اسٹیٹ بینک کا بل پاس کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خزانہ کمیٹی میں اسٹیٹ بینک بل پر طویل مشاورت کی گئی، اسٹیٹ بینک بل پر اپوزیشن کی تجاویز کو بھی مانا گیا، آج اس بل پر سیاست کی جا رہی ہے۔

امجد علی خان کا کہنا ہے کہ ہم نے اداروں کو خودمختاری دے کر معیشت کو بہتری کی جانب لے جانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ممبرز اور گورنر کی تعیناتی کریں گے۔

امجد علی خان نے یہ بھی کہا کہ ایسا کہنا افسوس ناک ہے کہ اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، جو پہلے آئی ایم ایف گئے تھے کیا انہوں نے ملک گروی رکھ دیا تھا؟