مہرگڑھ پر حالیہ ڈرون حملہ انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے: نواب اسلم رئیسانی

ریاست کی جانب سے تاریخی، قبائلی اور امن کے مرکز کو نشانہ بنانا لوگوں میں محرومی اور نفرت کو بڑھاتا ہے


طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، پرامن سیاسی اور جمہوری حل کو ترجیح دی جائے: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)سابق وزیراعلی بلوچستان اور چیف آف ساراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مہرگڑھ پر حالیہ ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ مہرگڑھ ہمارا تاریخی ورثہ، قبائلی یکجہتی اور امن کا مرکز ہے۔ ریاست کی جانب سے بارہا اس مرکز کو نشانہ بنانا اور حالیہ ڈرون حملہ انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس خدشے کو تقویت دیتا ہے کہ بلوچستان میں طاقت کے استعمال میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ پرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے راستے کو محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔سابق وزیراعلی نے کہا کہ مہرگڑھ کسی ایک فرد کا گھر نہیں بلکہ ایک قومی، تاریخی اور قبائلی مرکز ہے۔ ایسے واقعات لوگوں میں محرومی اور نفرت کو مزید بڑھاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے ذمہ داران کو سمجھنا چاہیے کہ قومی ورثے اور لوگوں کے گھروں کی بے حرمتی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرتی۔نواب اسلم رئیسانی نے واضح کیا کہ قومی اور قبائلی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن اور سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق بلوچستان ایک تاریخی سرزمین ہے اور یہاں طاقت کے ایسے واقعات حالات کو مزید پیچیدہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کشیدگی کے بجائے امن، سیاسی مکالمے اور حالات کی بہتری کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے، جبکہ ریاست کو بھی طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سیاسی حل کو ترجیح دینی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert