ہری مرچ میں وٹامن سی پایا جاتا ہے؟
(قدرت روزنامہ)وٹامن سی ایک ضروری غذائیت ہے جو مجموعی صحت کو برقرار رکھنے اور اندر سے ہماری پرورش میں مدد کرتا ہے۔ یہ نہ صرف ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے بلکہ صحت مند ہاضمہ اور میٹابولزم کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
وٹامن سی صحت مند اور چمکدار جلد کو فروغ دیتا ہے۔ سب سے بڑھ کر، جب سے وبائی بیماری شروع ہوئی ہے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں وٹامن سی کے کردار کی بڑی حد تک وکالت کی جاتی رہی ہے۔
اوٹاگو یونیورسٹی کے ایک محقق نے دعویٰ کیا ہے کہ وٹامن سی شدید کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ نتائج جریدے ’نیوٹریئنٹس‘ میں شائع ہوئے۔
اگرچہ مارکیٹ میں وٹامن سی کے متعدد سپلیمنٹس دستیاب ہیں لیکن ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ طویل عرصے تک فوائد سے لطف اندوز ہونے کے لیے غذائی اجزاء کو خوراک کی شکل میں شامل کیا جائے۔
یہاں ماہرین آپ کو وٹامن سی کے کچھ قدرتی ذرائع کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کی مدد سے آپ وٹامن سی کی مناسب مقدار حاصل کر سکتے ہیں۔ آئیے اُن غذاؤں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
وٹامن سی کے قدرتی ذرائع:
نارنجی:
نارنجی وٹامن سی کے بہترین غذائی ذرائع کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ ایک مطالعے کے مطابق، 100 گرام نارنجی میں 53 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے۔ ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر اس پھل کو اپنی خوراک میں شامل کرلیا جائے تو جسم سے وٹامن سی کی کمی دور ہوجائے گی۔
کیوی:
ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ ایک چھوٹی کیوی 60mg (ascorbic acid) فراہم کرتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ روزانہ صرف ایک کیوی کھانے سے ہمارے مطلوبہ وٹامن سی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ہری مرچ:
ماہر ین غذائیت کے مطابق، ہری مرچ میں 109 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے۔ لہٰذا اگلی بار اس مرچ کو اپنی پلیٹ سے پھینکنے سے پہلے سوچ لیں کیونکہ آدھی ہری مرچ آپ کے جسم کو وٹامن سی کی مناسب مقدار فراہم کر سکتی ہے۔
اسٹرابیری:
ہمیں صرف سُرخ، رسیلی اسٹرابیری پسند ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس پھل کے پاس اچھے ذائقے کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ہے؟ ماہر ین غذائیت کا کہنا ہے کہ اسٹرابیری کا صرف ایک پیالہ 98 ملی گرام وٹامن سی فراہم کرتا ہے۔
بروکلی:
بروکلی جسے ’شاخ گوبھی‘ بھی کہا جاتا ہے، یہ سبزی سرطان سے بچاؤ اور فائبر کے ساتھ ساتھ وٹامن سی سے بھی مالا مال ہے۔ ایک بروکلی میں اوسطاً ’130ایم جی‘ تک وٹامن سی پایا جاتا ہے۔