پاک فوج میں اہم ترقیوں اور تبادلوں کا وقت آن پہنچا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صحافی ماجد نظامی کے مطابق پاک فوج میں اہم ترقیوں اور تبادلوں کا وقت آن پہنچا، سوال یہ ہے کہ کتنے تھری سٹار افسران کو ریٹائرڈ کیا جائے گا، کیا ڈپٹی یا وائس آرمی چیف کا تقرر کیا جائے گا؟ ماجد نظامی نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاک فوج میں اہم ترقیوں اور تبادلوں کا وقت آن پہنچا، کمانڈر نیشنل اسٹرٹیجک کمانڈ کی فور سٹار عہدے پر تقرری ہو چکی، جبکہ دیگر دس لیفٹیننٹ جنرلز کی چار سالہ مدت ملازمت کچھ ہفتوں میں مکمل ہو رہی ہے۔
آخری مرتبہ 20 ماہ پہلے 4 افسران (علاوہ میڈیکل) کو لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ معمول کی ادارہ جاتی تبدیلیوں میں غیر معمولی سوال یہ ہے کہ کتنے تھری سٹار افسران کو ریٹائرڈ کیا جائے گا کیونکہ نئی قانون سازی کے بعد وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی بجائے فیلڈ مارشل عاصم منیر خود اس کا فیصلہ کریں گے، کہ کس جنرل کو کتنی ایکسٹینشن دی جا سکتی ہے۔
اہم ترین ! https://t.co/QE5Kos20qj
— Asma Shirazi (@asmashirazi) September 2, 2026
یاد رہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کا تیسری مرتبہ از سر نو تعین کیا جا چکا ہے۔ جبکہ آئی ایس آئی چیف لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک پہلے ہی توسیع پر ہیں، اس لئے اگر کسی لیفٹیننٹ جنرل کو توسیع ملتی ہے تو اچنبھے کی بات نہ ہو گی۔ سوال یہ بھی ہیں کہ کیا ڈپٹی یا وائس آرمی چیف کا تقرر کیا جائے گا؟ چیف آف جنرل سٹاف کی اہم پوسٹ پر کس کی تقرری ہو گی؟ کیا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد ایسی مثال قائم ہو گی کہ ایک افسر یکے بعد دیگرے دونوں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی قیادت کرے؟
کیا نئی بننے والی ڈیفنس انڈسٹریل پروڈکشن اتھارٹی میں حاضر سروس جنرل کا تقرر کیا جائے گا؟ کیا نادرا کی قیادت ایک بار پھر تین ستارہ افسر کے پاس ہو گی؟ کیا کور آف ملٹری انٹیلی جنس تاریخ میں پہلی مرتبہ تھری سٹار جنرل حاصل کر پائے گی؟
