حکومت کی اکثریت کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بھگت رہی ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹ سے واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کی بول نیوز سے خصوصی گفتگو۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی کا بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے کے باوجود اپوزیشن تعاون کر رہی ہے، ہم جب سوال کا جواب مانگتے ہیں ہیں تو یہ سابقہ حکومتوں کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی اسپیکر قومی اسمبلی رہا ہوں سوال کا جواب ہاں یا نہ میں دیں لیکن سوال کا جواب نہیں دیا جاتا اور تنقید کی جاتی ہے اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ روئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج واک آؤٹ اس لیئے کیا کیونکہ یہ سوالوں کا جواب دینے کی بجائے حکومتی کارکردگی بتا رہے تھے۔

انہون نے مزید کہا کہ ہر مہینے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے 22 کروڑ عوام پریشان ہیں جبکہ آج ان کی اکثریت کی وجہ سے 22 کروڑ عوام رو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے جبکہ دونوں نے ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر برسا دیئے۔ بعد ازاں اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا تھا۔