اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس؛ ن لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ تفتیش میں بے قصور قرار
ادارے کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تفتیش میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا فی الحال بے قصور ثابت ہوئے ہیں؛ این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کی عدالت میں رپورٹ جمع

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کی سیشن عدالت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کو معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں فی الحال تفتیشی رپورٹ میں بے قصور قرار دے دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت سیشن عدالت میں ہوئی، جہاں اداکارہ مومنہ اقبال اپنے کونسل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے تفتیشی افسر نے کیس کی تازہ ترین تفتیشی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی۔
اپنی رپورٹ میں تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ادارے کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تفتیش کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا فی الحال بے قصور ثابت ہوئے ہیں، این سی سی آئی اے نے اپنی جمع کروائی گئی رپورٹ میں واضح کیا کہ انکوائری کے مطابق دونوں ملزمان کی گرفتاری محکمے کو مطلوب نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے سائبر کرائم ایجنسی اور پولیس کو شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ انہیں مختلف ذرائع سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اس مقدمے میں ن لیگی ایم پی اے اور ان کی اہلیہ کے نام شامل کیے گئے تھے، تفتیشی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کو آئندہ کی تاریخ تک کے لیے ملتوی کردیا جہاں مدعیہ اور ان کے وکیل کی جانب سے تفتیشی رپورٹ کے معائنے کے بعد آئندہ کا قانونی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
