نصیرآباد میں گیس کمپریسر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے ماں اور 2بچے جاں بحق


نصیرآباد (قدرت روزنامہ)نصیرآباد کے علاقے ابڑو کالونی میں گیس کمپریسر پھٹنے کے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین معصوم بچوں اور ان کی والدہ سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ بچوں کے والد شاہد علی شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق شاہد علی ابڑو کے گھر میں اچانک گیس کمپریسر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ان کا دو سالہ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ شاہد علی، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر کراچی منتقل کیا گیا، جہاں تین روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد شاہد علی کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی بھی جانبر نہ ہوسکے۔ایک ہی گھر سے ماں اور دو بچوں کی میتیں اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور گھر کا ہر کونہ سوگ میں ڈوب گیا۔شاہد علی کے بھائی کے مطابق شاہد علی پولیس میں درجہ چہارم کے ملازم ہیں اور محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ گھر میں موجود گیس کمپریسر ہی خاندان کی خوشیاں اجاڑ دے گا۔شاہد علی کے بھائی کے مطابق شاہد علی خود بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔واقعے نے ایک ہی خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار کردیا، جبکہ متاثرہ خاندان کے غم میں اہل علاقہ بھی سوگوار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert