سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تربت ہسپتال کے ڈاکٹروں کی تذلیل اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
طبی عملے کو ہسپتال تک رسائی نہ ملنا تشویشناک، صحافیوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ ناقابل قبول ہے: سینیٹر جان محمد بلیدی

تربت(ڈیلی قدرت کوئٹہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تربت ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ تذلیل اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور صحافی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے پورے کیچ خصوصا تربت شہر میں لوگوں کی آمدورفت شدید متاثر ہے اور مختلف شاہراہیں بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال جانے والے مریضوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی ٹیچنگ ہسپتال جانے کی اجازت نہیں دی گئی، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی عملے کو ہسپتال تک رسائی نہ ملنے سے صحت کی بنیادی سہولیات متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور اس صورتحال کا فوری تدارک ہونا چاہیے۔نیشنل پارٹی کے رہنماں نے تربت پریس کلب کے دورے کے دوران صحافیوں کے ایک مخصوص گروپ کی جانب سے مقامی صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران آزادانہ ماحول اور عزت و احترام ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کو ذمہ دار سرکاری اداروں کے افسران، ڈاکٹروں، طبی عملے، صحافیوں اور عام شہریوں کے احترام کو یقینی بنانا ہوگا۔ کسی بھی صورت میں شہریوں یا پیشہ ور افراد کے ساتھ توہین آمیز رویہ قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعات کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کا جائزہ لے کر ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور صحافی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی ہر مشکل مرحلے میں اپنے پیشہ ور افراد اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے بنیادی حقوق، عزت و وقار اور پیشہ ورانہ آزادی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
