صلاح الدین نورزئی کا قتل مسلط نام نہاد حکومت کی غفلت اور نااہلی کا ثبوت ہے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
8 ماہ تک انتظامیہ اور حکومت مغوی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی، قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے: پشتونخوامیپ کا شدید ردعمل

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں پارٹی رکن اور ممتاز تاجر صلاح الدین خان نورزئی کے قتل کے المناک واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 8ماہ قبل صلاح الدین خان نورزئی کے جوانسال فرزند کو تاوان کے عیوض اغواء کیا گیا اور کرورڑوں روپے طلب کیئے گئے جبکہ تمام انتظامیہ ، حکومت ، سیکورٹی ادارے مغوی کو بازیاب کرنے میں ناکام رہے اور اس دوران مسلسل ان کے والد کو دھمکی آمیز پیغامات ، بیٹے کی رہائی کے عیوض کرورڑوں روپے کی ادائیگی اور انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں ملتی رہی ۔ جس پرحکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی اور گزشتہ شب ایک بار پھر نامعلوم افراد کی جانب سے صلاح الدین خان کو کوئٹہ میںفائرنگ کرکے شہید کردیا گیا جبکہ ان کے فرزند تاحال لاپتہ ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی فارم 47کی مسلط نام نہاد حکومت کی لاپرواہی ،غفلت اور نااہلی پر سخت دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ صلاح الدین خان نورزئی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے مغوی فرزند کی رہائی کے لیے بلا تاخیر ہنگامی بنیادوںپر اقدامات کیئے جائیں۔
