بھاگ میں مسلح افراد کا پولیس تھانوں پر حملہ، جھڑپوں میں 3 حملہ آور ہلاک، متعدد راہگیر زخمی ہونے کی اطلاعات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ بولان کے علاقے بھاگ شہر میں علی الصبح مسلح افراد کے داخل ہونے اور سٹی پولیس تھانہ و صدر تھانے کو نشانہ بنانے کی اطلاعات۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے صبح تقریباً 6 بجے بھاگ شہر میں داخل ہوکر مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور پولیس تھانے سمیت ایک بینک پر دھاوا بول دیا۔
پولیس اور اے ٹی ایف کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آوروں کے ہلاک اور متعدد راہگیروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بھاگ شہر میں داخل ہوکر پولیس تھانوں، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں توڑ پھوڑ، سرکاری ریکارڈ نذر آتش کردیا۔ ایس ایچ او عبدالرسول جتوئی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اے ٹی ایف کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کردیا۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد پولیس، سیکورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث بھاگ شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران نیشنل بینک کے بعض حصوں کو بھی آگ لگا دی گئی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بھاگ کے دفتر اور سب جیل بھاگ میں موجود موٹر سائیکلوں کو بھی نذرِ آتش کیا گیا۔
