شدید دھند، اسکول جانے والے بچے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے

احمد پور شرقیہ(قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں اسکول جانے والے بچے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ کی قومی شاہراہ اڈا مسافر کے قریب دھند کے باعث ٹریلر نے رکشے کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار بچے موقع پر ہی ابدی نیند سو گئے۔حادثے میں 13 بچے زخمی بھی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق دلخراش حادثے کے بعد رکشہ مکمل طور تباہ ہو گیا جب کہ رکشے میں پھنسے بچوں کی لاشوں کو سخت جدوجہد کے بعد نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہے جسے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔حادثے کا شکار ہونے بچوں کی موت کی اطلاع گھروں میں پہنچی تو گویا قیامت ٹوٹ پڑی۔لواحقین اپنے بچوں کی اندوہناک موت پر دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔