انسدادِ دہشت گردی کے معاملے کو صوبائیت سے جوڑنا انتہائی گھٹیا اور افسوسناک ہے، مریم اورنگزیب
مریم نواز دہشتگردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور لاحق خطرات کی بات کر رہی تھیں، سیاسی حاسدین نے صوبائیت و لسانیت کا دانستہ اور سیاسی نمبر سکورنگ کے گھٹیا مقصد کا رنگ دیا؛ سینئر صوبائی وزیر کا مؤقف

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے متعلق بیان پر جاری تنقید کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی گفتگو کو منفی انداز میں پیش کرنا اور سیاق و سباق کو مسخ کرنا انتہائی مذموم اور قابلِ مذمت کوشش ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور دہشت گردوں کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں نقل و حرکت کے خطرات پر گفتگو کر رہی تھیں۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے گفتگو کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کیا جانا نہایت افسوسناک اور تمام گفتگو کے تناظر کو مسخ کرکے پیش کرنے کی مذموم اور قابل مذمت کوشش ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے دہشت گردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے…
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) September 6, 2026
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے محض دہشت گردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے لاحق امن و امان کے خطرات کی نشاندہی کی تھی، جسے سیاسی حاسدین نے دانستہ طور پر صوبائیت اور لسانیت کا رنگ دے کر سیاسی نمبر اسکورنگ کا گھٹیا ذریعہ بنایا۔
مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پاکستان کے تمام صوبوں اور ان میں بسنے والی تمام اقوام اور شہریوں کا دل سے احترام کرتی ہیں، ایسے عناصر جو اس بیان کو لسانی رنگ دے رہے ہیں، دراصل دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں اور قوم میں تفرقات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ سینئر وزیر نے زور دے کر کہا کہ انسدادِ دہشت گردی جیسے حساس اور قومی سلامتی کے معاملے کو صوبائیت سے جوڑنا انتہائی گھٹیا اور افسوسناک رویہ ہے، حکومت پنجاب دہشت گردی کی روک تھام کے لیے تمام صوبوں اور قومی اداروں کے ساتھ مل کر اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
