نہ کاؤنٹر، نہ لمبی قطاریں؛ دبئی ایئرپورٹ پر موبائل فون سے انٹری اور ایگزٹ
جدید ترین ’کلک اینڈ ٹریول‘ سسٹم کے تحت ہر مسافر کی پروسیسنگ اور سفری دستاویزات کی تصدیق محض 12 سے 15 سیکنڈز کے مختصر ترین وقت میں مکمل کی جائے گی

دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی ایئرپورٹس انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایک بے مثال اور انقلابی سفری سہولت ’کلک اینڈ ٹریول‘ متعارف کروا دی ہے، جس کے تحت اب ایئرپورٹ عملہ مسافروں کی آمد یعنی انٹری اور روانگی یعنی ایگزٹ کے تمام تر مراحل روایتی کاؤنٹرز کے بغیر محض چند سیکنڈز میں موبائل ڈیوائسز کے ذریعے مکمل کرسکے گا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق دبئی ایئرپورٹ حکام نے بتایا ہے کہ اس جدید ترین ’کلک اینڈ ٹریول‘ سسٹم کے تحت ہر مسافر کی پروسیسنگ اور سفری دستاویزات کی تصدیق محض 12 سے 15 سیکنڈز کے مختصر ترین وقت میں مکمل کی جائے گی، اس سروس کی اہم تکنیکی خصوصیات میں فیشل ریکگنائزیشن کے ذریعے مسافروں کی بائیومیٹرک اور چہرے کی شناختی صلاحیت کا استعمال شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ الیکٹرانک پاسپورٹ ریڈنگ کے ذریعے جدید ترین ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز کے ذریعے ای پاسپورٹ کو سیکنڈوں میں اسکین کرنے کی صلاحیت ہوگی، سرکاری ڈیٹا بیس سے محفوظ منسلک سسٹمز سے سرکاری و سیکیورٹی ڈیٹا بیس کے ساتھ محفوظ اور فوری ڈیٹا کی منتقلی ہوگی، اس جدید حل کی بدولت دبئی ایئرپورٹ پر آنے اور جانے والے شہریوں، مقیم افراد اور سیاحوں کو روایتی پاسپورٹ کنٹرول کاؤنٹرز پر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی، ایئرپورٹ عملہ مسافروں کے پاس پہنچ کر ڈائریکٹ ان کی موبائل ڈیوائسز کے ذریعے تصدیق کرے گا جس سے انتظار کا وقت نہ ہونے کے برابر رہ جائے گا۔
اس حوالے سے دبئی ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد و رفت کو ہموار بنانا، ہجوم کو کنٹرول کرنا اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ایک محفوظ، تیز رفتار اور جدید سفری تجربہ فراہم کرنا ہے، دبئی ایئرپورٹس کو دنیا کا سب سے زیادہ ڈیجیٹل اور خودکار ایئرپورٹ بنانے کے وژن کی طرف یہ ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
