’تمیز سے بات کرو ایسے نہیں چلے گا‘ طلال چوہدری اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں گرماگرمی پر چیرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان دونوں کو خاموش کراتے رہے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے درمیان شدید تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان کی زیرِ صدارت بلیو پاسپورٹس کے اجرا اور قانون سازی سے متعلق اہم امور زیرِ بحث آئے، اجلاس کے دوران سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور وزیر مملکت طلال چوہدری کے درمیان تلخی اس وقت بڑھی جب بحث کے دوران رویے پر اعتراضات اٹھائے گئے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے طلال چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تمیز سے بات کریں، اس طرح کا رویہ بالکل نہیں چلے گا، طلال چوہدری کے ایسے رویے کی وجہ سے ہمیں شدید شکایات ہیں، جہاں سینیٹرز کی بات آتی ہے یہ کھڑے ہو جاتے ہیں، سینیٹرز کوئی آپ کے ملازم نہیں ہیں‘۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ’میں بھی آپ کا ملازم نہیں ہوں، یہاں جو بھی بات ہوگی وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگی‘، فریقین کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان دونوں رہنماؤں کو مسلسل خاموش کرواتے اور ماحول کو سنبھالتے رہے۔


بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوسرے حصے میں پاسپورٹ حکام اور کمیٹی کے درمیان سابق اور موجودہ پارلیمنٹرینز کے پاسپورٹ کے اجرائ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیر مملکت طلال چوہدری نے انکشاف کیا کہ ماضی میں اس ملک میں بے دردی سے بلیو پاسپورٹ بانٹے گئے جس سے پاکستان کا نام بدنام ہوا، ہم نے 25 ہزار ایسے پاسپورٹس کم کیے ہیں جن میں 99 فیصد افسران اور بیوروکریٹس شامل تھے۔
چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان نے سوال اٹھایا کہ اگر پاسپورٹ کی قانونی مدت 5 سال ہے تو اسے ایک سال کے لیے کیوں جاری کیا جاتا ہے؟ کیا کل کو ہم سابق سینیٹر ہو جائیں گے تو ہمیں این او سی لینا پڑے گا؟ اگر پارلیمنٹرینز کو پاسپورٹ جاری نہیں کرنے تو حکومت ایسا قانون اسمبلی میں لائے کہ پارلیمنٹرینز اور ان کے بچوں کو پاسپورٹ نہیں ملیں گے۔ اس پر پاسپورٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ’موجودہ پارلیمنٹرینز کو پاسپورٹ جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ سابق سینیٹرز کے کیسز وزارت داخلہ کو بھجوائے جا رہے ہیں‘، طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ’ہم کسی کو نہیں روک رہے، عابد شیر علی کی اہلیہ کی شکایت کا بھی ازالہ کر کے پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے‘۔

WhatsApp
Get Alert