دہشت گردی کی شدید مذمت، میر عبدالرحمان لانگو کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا: ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان عوامی پارٹی ضلع نوشکی کے صدر اور چیئرمین یونین کونسل باغک میر عبدالرحمان لانگو کو مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہر اس شخص سے نفرت ہے جو بلوچ عوام کی خدمت، فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرتا ہے۔
اپنے آپ کو بلوچ روایات کا کہنے والوں نے چادر و چاردیواری کی پامالی کرتے ہوئے گھر میں گھس کر میر عبدالراحمن لانگو کو نشانہ بنایا جو بلوچ نہیں بلکہ ہندوستان اور افغانستان کی روایات ہے ان خیالات اظہار انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ شہید میر عبدالرحمان لانگو ایک دیانتدار، مخلص، سماجی کارکن اور عوام دوست شخصیت تھے، وہ صبح و شام عوام کے درمیان موجود رہتے اور غریب و مستحق افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے تھے شہید نے بطور چیئرمین یونین کونسل عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھا اور علاقے کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت کے دور میں بھی انہوں نے نوشکی کے بے روزگار بلوچ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں سرکاری ملازمتیں دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے علاقے کے سینکڑوں خاندان مستفید ہوئے دہشت گرد عناصر ان تمام لوگوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں جو بلوچ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ نام نہاد عناصر اپنے آپ کو بلوچ روایات کہنے والوں نے میر عبدالرحمان لانگو کو خواتین اور بچوں کے سامنے گھر کے اندر نشانہ بناکر شہید کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
ان عناصر کا بلوچ روایات سے دور دور تک تعلق نہیں بلکہ یہ ہندوستان اور افغانستان کی روایات ضرور ہے انہوں نے شہید میر عبدالرحمان لانگو کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید میر عبدالرحمان لانگو کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ ان کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert