کراچی میں ایک گھر سے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد

کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں ایک گھر سے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد ہونے کا انکشاف ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ اولڈ سٹی ایریا نیپئر روڈ میں موجود ایک گھر سے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد کیے گئے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کے ہمراہ آپریشن کیا اور مخصوص عمارت کے مختلف حصوں کی کھدائی کے دوران فرش سے کئی سالوں پرانے زنگ لگے ہتھیار برآمد کیے گئے۔
اس کارروائی کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کو زمین میں دفن کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ سمیت دیگر پرانے ہتھیاروں کو نکالا گیا۔

برآمد ہونے والے ہتھیاروں سے جہاز ہیلی کاپٹر ٹینک یا عمارتوں کو تباہ کیا جا سکتا تھا۔ ہتھیاروں کو بغیر کسی ریپنگ کے فرش کے اندر دبا دیا گیا تھا ، کئی سالوں تک فرش میں رہنے سے یہ ہتھیار زنگ آلود بھی ہوگئے ہیں۔

جبکہ عمارت کے دیگر مخصوص حصوں کی بھی کھدائی کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ جہاں سے ہتھیار برآمد ہوئے یہاں گودام تھا اور جانور بھی بندے ہوئے تھے جبکہ عمارت کی اوپری منزلوں میں لوگ رہائش پذیر ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ اور دوسری ٹیم کے دیگر تمام افسران بھی آپریشن میں موجود ہیں جبکہ مزید اسلحہ زمین میں دفن ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ لیاری میں لی مارکیٹ کے قریب نیپئر تھانے کے سامنے گلی میں یہ 60،70 سال پرانا مکان واقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی کسی گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نہیں بلکہ ذاتی طور پر ملنے والی اطلاعات پر کی ہے ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی میں برآمد ہونے والے اسلحے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل لیاری اور نیپئر کے اطراف میں کراچی آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا جا چکا ہے۔