بدامنی اور بدعنوانی نے بلوچستان کا امن چھین لیا، نوجوان کلاشنکوف کے بجائے قلم اور ٹیکنالوجی کو اپنا ہتھیار بنائیں: مولانا ہدایت الرحمن

بنو قابل پروگرام کے ذریعے لاکھوں طلباء کو جدید ہنر سے آراستہ کر رہے ہیں، بے روزگاری کے خاتمے کا عزم: امیر جماعت اسلامی بلوچستان


نوجوان مایوسی کے بجائے مثبت جدوجہد کا راستہ اپنائیں، جعفرآباد میں الخدمت کا زیرِ تعمیر میگا اسپتال عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ امن سب سے بڑی ضرورت اس کیساتھ ساتھ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہتھیار،اسلحہ ومنشیات سے دورکرکیعلم وہنراورٹیکناجی سے لیس کرنے کی ضرورت ہے جماعت اسلامی نے بنوقابل پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے لاکھوں طلباء وطالبات اورنوجوانوں کوتعلیم وہنراورٹیکنالوجی سے لیس کرنے کاتہیہ کررکھاہے۔بدامنی وبدعنوانی نے بلوچستان کاامن سکون چھین لیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار جعفرآباد میں الخدمت بنوقابل پروگرام کے طلباء وطالبات کوسرٹیکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بنو قابل نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرکے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان بشیر احمد ماندائی، ڈائریکٹر بنو قابل بلوچستان طیب فرید خان، ماہرینِ تعلیم، بزنس کمیونٹی کے نمائندگان، اساتذہ اور بڑی تعداد میں کامیاب طلبہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزیدکہاکہ بنو قابل نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اسکلز سے آراستہ کرکے انہیں باعزت روزگار، فری لانسنگ اور معاشی خودکفالت کے مواقع فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں صرف مواقع، رہنمائی اور جدید تعلیم و ہنر کی ضرورت ہے۔ نوجوان مایوسی اور بے یقینی کا شکار ہونے کے بجائے علم، ہنر اور مثبت جدوجہد کو اپنا راستہ بنائیں۔ قلم و کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی سمیت مختلف فنی مہارتیں حاصل کرکے اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کو بہتربنائے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور انہیں باصلاحیت بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ بنو قابل کا مقصد صرف سرٹیفکیٹ دینا نہیں بلکہ نوجوانوں کو ایسا ہنر دینا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ طلبہ اپنے حاصل کردہ ہنر کو مزید نکھاریں، مسلسل سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور اپنے علم و صلاحیت سے دوسروں کے لیے بھی آسانیاں پیدا کریں۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بنو قابل پروگرام کی سرگرمیوں، نوجوانوں کی فنی تربیت اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات جبکہ کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ نے بنو قابل پروگرام کو نوجوانوں کے لیے ایک مفید اور امید افزا پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے اس کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے جعفرآبادمیں الخدمت کے زیرِ تعمیر ہسپتال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان بشیر احمد ماندائی،صوبائی صدر کسان بورڈ بلوچستان محترم لعل بخش خان کھوسہ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی جعفرآباد محمد یوسف منگریو بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ الخدمت فاونڈیشن کے اس میگاپراجیکٹ کا مقصد علاقے کے عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیساتھ انسانیت کی خدمت ہے جعفرآباد کے عوام کوصحت کی بہترین معیاری سستے سہولیات میسرہوگی۔

WhatsApp
Get Alert