مومنہ میری ماں تو نہیں ہے، ثاقب چدھڑ اور ارشاد بھٹی کے درمیان نوک جھونک
الیکشن کی تیاری آپ کو مومنہ اقبال نے کروائی؟ کیسے بولنا، کیسے کپڑے پہننے، سب مومنہ نے آپ کو بتایا؟ ارشاد بھٹی کا سوال ۔۔ بڑی مہربانی اگر اس نے بتایا، میں کوئی کمنٹ نہیں کروں گا؛ ثاقب چدھڑ کا جواب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازعہ نے اس وقت ایک دلچسپ موڑ اختیار کرلیا جب صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں ثاقب چدھڑ نے کھل کر اپنے دل کی باتیں اور تنازعات پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ پوڈکاسٹ کے دوران صحافی ارشاد بھٹی نے ثاقب چدھڑ سے سوال کیا کہ ’کیا الیکشن کی تیاری آپ کو مومنہ اقبال نے کروائی؟ کیسے بولنا ہے، کیسے تقریر کرنی ہے، کیسے کپڑے پہننے ہیں، کیا الیکشن کمپین اور چلنا بولنا سب انہوں نے سکھایا؟‘ ثاقب چدھڑ نے جواب دیا کہ ’اگر انہوں نے بتایا بھی تو بڑی مہربانی، میں اس پر کمنٹ نہیں کروں گا، وہ جتنا بول رہی ہیں سارا جھوٹ ہے، مجھے چلنا بولنا میری ماں نے سکھایا، مومنہ اقبال میری ماں تو نہیں ہے‘۔
مومنہ اقبال میری ماں تو نہیں ہے!!!ثاقب چدھڑ
الیکشن کی تیاری آپکو مومنہ اقبال نے کروائی!!کیسے بولنا ہے کیسے تقریر کرنی ہے کیسے کپڑے پہننے ہیں فوٹو شوٹ سب مومنہ نے آپکو بتایا۔۔ویسے بڑے خوش قسمت ہیں آپ۔۔ ارشاد بھٹی
بڑی مہربانی اگر اس نے بتایا تو۔ میں اس پر کوئی کمنٹ نہیں کرونگا… pic.twitter.com/QoWgcGVvBu
— Exact Press International (@ExactPressIntl) September 9, 2026
ثاقب چدھڑ نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے مومنہ اقبال پر عورت کارڈ کھیلنے کا الزام لگایا اور وارننگ دی کہ اگر میری بیگم میدان میں آ جائے اور ایک پوڈکاسٹ کر دے تو میرے خیال سے یہ جو عورت کارڈ کھیلنے کے چکر میں ہیں، یقین کریں یہ گھر سے باہر نکلنے کے قابل نہ رہیں‘۔
اس پر ارشاد بھٹی نے لائیو شو میں مومنہ اقبال کی انسٹاگرام اسٹوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’مومنہ کا دعویٰ ہے کہ اگر وہ صرف آپ کی بیگم کا 50 سیکنڈ کا وائس نوٹ پبلک کر دیں تو یہ تمام بیانیہ زمین بوس ہو جائے گا‘، ارشاد بھٹی نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اوپن میرج کا ایک ایسا نظام بن چکا ہے جہاں دونوں فریق ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں‘۔
اس کے جواب میں ثاقب چدھڑ نے اپنی اہلیہ کا دفاع کرتے ہوئے کلمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدُ رَّسُولُ اللہ! میں نے اپنی بیگم کو 2019ء کے حج کے بعد سے آج تک ایک بھی نماز چھوڑتے ہوئے نہیں دیکھا، جب کہ میں نے اس مومنہ کو کبھی ایک نماز پڑھتے نہیں دیکھا‘، پوڈ کاسٹ کے دوران ایک سوال پر ثاقب چدھڑ نے اعتراف کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں مومنہ سے پہلی ہی نظر میں پیار ہو گیا تھا۔
