ریاست شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،: پشتونخوامیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع چمن کے رہائشی پارٹی رکن نظر محمد کے قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چمن شہر میں شہریوں کے قتل، ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم کے واقعات کا مسلسل رونما ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ گزشتہ دنوں چمن کے کالج روڈ پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پارٹی کارکن نظر محمد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے چمن سول ہسپتال منتقل کیا گیااور بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث کوئٹہ ریفر کر دیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چمن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نظر محمد کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک ہے اور یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جبکہ بدامنی اور شہریوں کے عدم تحفظ نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ ملنے سے امن و امان کی صورتحال روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ وارداتوں کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی نظر نہیں آتی۔ پولیس اور انتظامیہ کی غفلت یا کمزوری سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں، جبکہ عام شہری خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ نظر محمد کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹھوس، مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔بیان میں اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی نظر محمدکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور شہیدکے اہل خانہ کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

WhatsApp
Get Alert