مفتی محمود سے لے کر مولانا فضل الرحمن تک جے یو آئی نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے تاریخ رقم کی ہے: مولانا عبدالواسع
عوامی مینڈیٹ کے بغیر ملک میں کوئی سیاسی نظام استحکام حاصل نہیں کر سکتا، شفاف اور منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں

جمعیت علماء اسلام ہر دور کی طرح آج بھی عوام، آئین اور پارلیمان کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 10 ستمبر: بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اسلام اور اسلامی شعائر کے خلاف کفری قوتیں ایک صفحے پر متحد ہوچکی ہیں، ایسے حالات میں جمعیت علماء اسلام عالم اسلام کی ایک توانا، مؤثر اور بااصول آواز بن کر میدان میں موجود ہے اور ملک کے اندر اور بیرونِ ملک اسلامی تشخص، دینی اقدار اور امت مسلمہ کے حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے جمعیت علماء اسلام نے روزِ اول سے تاریخی کردار ادا کیا ہے، مفتی محمود سے لے کر آج قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن تک جے یو آئی نے ہر دور میں جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف تحریکوں کی قیادت کی اور آمریت و غیر جمہوری قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔ آج بھی پاکستان کا جمہوری مقدمہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پوری قوت کے ساتھ لڑا جا رہا ہے اور ملک میں جمہوری و غیر جمہوری قوتوں کے درمیان کشمکش جاری ہے، جمعیت علماء اسلام ہر دور کی طرح آج بھی عوام، آئین، پارلیمان اور جمہور کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ جمہور کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالے گی۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ملک میں موجود سیاسی بے یقینی، اضطراب اور تشویش کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب عوام کے حقیقی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں، کیونکہ عوامی اعتماد کے بغیر کوئی بھی سیاسی نظام دیرپا استحکام حاصل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمانی نظام اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہمارے اکابرین نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، کارکنوں نے مشکلات جھیلیں اور جمہوری جدوجہد کی بھاری قیمت ادا کی، لیکن جمعیت علماء اسلام اپنے اصولی مؤقف اور جمہوری جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی؛ ہمارا راستہ آئین، پارلیمان، جمہور اور عوامی مینڈیٹ کا راستہ ہے اور ہم ہر حال میں اسی راستے پر ثابت قدم رہیں گے۔
