بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں پر نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سفر پر پابندی عائد
14 ستمبر سے نادرا کے مستند ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی مسافر کو بین الاقوامی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی؛ اعلامیہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں اور بالخصوص عمرہ زائرین کے لیے ایک انتہائی اہم اور سخت اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت سفر کے ضوابط میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 ستمبر سے نادرا کے مستند ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو بین الاقوامی سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس ضمن میں خاص طور پر تمام عمرہ زائرین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنا نادرا ویکسین کارڈ لازمی طور پر حاصل کریں۔
بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مرکز قرار دیا گیا ہے، تمام متعلقہ ائیرلائنز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بورڈنگ سے قبل عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کی مکمل تصدیق کو یقینی بنائیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ان مسافروں کے لیے جو نادرا میں طویل انتظار سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ پر ہی ویکسین لگوانے کا ارادہ رکھتے ہیں ضابطہ کار بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت جو مسافر ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانا چاہیں، وہ اپنی پرواز کے وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں، انٹرنیشنل ڈپارچر پر ہی ویکسینیشن اور اس کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
