بائیک، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور مشکل صورتحال میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور دو و تین پہیوں والی سواریوں کے صارفین کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی استعمال کرنے والوں کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف ملے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر میں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے اس کا نفاذ کیا جائے گا۔
خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے معلومات فراہم کی جائیں گی، جبکہ رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔
