موٹرسائیکل، رکشہ، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف نے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور اس کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا عوام پر بوجھ بڑھنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ایک خصوصی ریلیف سکیم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی سکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائےگا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا، اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا، اسلام آباد کی حدود میں اس کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کر دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پورے پاکستان میں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیا جائے گا، اس خصوصی ریلیف سکیم کی رجسٹریشن کا اجراء آج سے کردیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا، سکیم میں رجسٹریشن کیلئے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر وزیرِ اعظم نے صوبوں کا شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert