میاں محمود الرشید کے گھر پولیس کا مبینہ چھاپہ؛ پی ٹی آئی رہنما کی بیٹی نے سنگین الزامات عائد کردیئے


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے اسیر سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کی رہائش گاہ پر پولیس کے مبینہ چھاپے سے متعلق ان کی بیٹی کا ردعمل سامنے آگیا۔ میاں محمود الرشید کی بیٹی مریم کلثوم اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے والدین کی رہائش گاہ پر ہونے والی مبینہ پولیس کارروائی، توڑ پھوڑ اور اپنی بیمار والدہ کے ساتھ تضحیک آمیز رویئے کے الزامات عائد کردیئے، انہوں نے لکھا کہ گزشتہ شب ان کے والد میاں محمود الرشید کے گھر پر بھاری پولیس نفری نے چھاپہ مارا، اہل محلہ اور عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 25 کے قریب نقاب پوش پولیس اہلکار اور نامعلوم افراد اچانک گھر کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے گھر میں داخل ہوتے ہی سامان اور فرنیچر کی شدید توڑ پھوڑ کی اور ہنگامہ آرائی کی، پولیس اہلکاروں نے میری والدہ کے ساتھ مبینہ طور پر شدید تضحیک آمیز رویہ اپنایا، پولیس کی مبینہ بدسلوکی اور دھکم پیل کے دوران والدہ کی آنکھ پر شدید زخم آیا، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ وہیں زمین پر گر کر نیم بے ہوش ہو گئیں۔
مریم کلثوم نے افسوسناک امر کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میری والدہ پہلے ہی شدید علیل اور شوگر کے عارضے میں مبتلا ہیں، لیکن اس کے باوجود پولیس اہلکار انہیں اسی نیم بے ہوشی اور زخمی حالت میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے، سیاسی انتقام اور بربریت کی یہ کون سی حد ہے کہ اب ہمارے بوڑھے والدین کے گھر اور خواتین بھی محفوظ نہیں ہیں؟ ایک بیمار ماں کی آنکھ کو زخمی کر دیا گیا، آخر اس ظلم کی کوئی حد ہے یا نہیں؟ میرے پاس اس پر مزید کہنے کے لیے الفاظ ختم ہو چکے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert