محکموں میں ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات کے ذریعے عوامی خدمات کا معیار بہتر بنایا جائے: چیف سیکرٹری بلوچستان
سپورٹس، لاء، کلچر اور کموڈیٹی مینجمنٹ محکموں کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے پر زور

صوبائی وسائل کی شفاف مینجمنٹ اور آمدنی بڑھانے کے لیے جدید پالیسیاں اور آن لائن فیس کلیکشن کا نظام ناگزیر ہے: شکیل قادر خان کی ہدایات
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) 14ستمبر:۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے کے مختلف محکموں کی دو سالہ کارکردگی جائزہ رپورٹس کے حوالے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپورٹس، لاء، کلچر اور کموڈیٹی منیجمنٹ کے محکموں کی تفصیلی رپورٹیں پیش کی گئیں اور مستقبل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے محکموں میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری خدمات کو عوام تک بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وسائل کی شفاف اور منظم مینجمنٹ کے لیے کموڈیٹی منیجمنٹ میں جدید پالیسیوں کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ساز اقدامات فوری طور پر نافذ کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول کرنے کے لیے کھیلوں اور یوتھ پروگرامز کو فروغ دیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے صوبے میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور کلچرل ایونٹس کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور سماجی بگاڑ سے بچانے پر خاص توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں محکموں کے سربراہان نے اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور عوامی فلاح کے لیے آئندہ کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ چیف سیکرٹری نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور اصلاحاتی عمل کی رفتار برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی۔
کوئٹہ 14ستمبر:۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت Own sources revenue کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی ذاتی ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکموں کی جانب سے پیش کی گئی مالی کارکردگی، آمدنی کے مختلف شعبہ جات اور موجودہ ہندسوں کا تجزیہ کیا گیا۔ شرکاء نے محکموں میں ڈیجیٹائزیشن، آن لائن فیس کلیکشن اور شفافیت کے ذریعے آمدنی میں بہتری کے امکانات پر زور دیا۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ریکارڈ مینجمنٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور ریونیو کلیکشن کے طریقہ کار کو مربوط کرنے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ آمدنی کے اہداف کو مقررہ مدت میں پورا کرنے کے لیے واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملیاں مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے نہ صرف ریونیو میں اضافے کا ذریعہ ہیں بلکہ عوام کے لیے شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کا بھی ذریعہ ہیں۔ چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ محکمہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور عوامی خدمات کی سہولت کے لیے ڈیجیٹائزیشن ناگزیر ہے۔ ہر محکمہ اپنا ٹائم لائن تیار کرے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات فوری طور پر شروع کرے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
