پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 380 روپے 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 409 روپے 42 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب حکومت نے تیل بڑھتی قیمتوں پر ریلیف اسکیم کا اعلان کررکھا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل والوں کو ہفتہ وار 5 لیٹر جبکہ گاڑی مالکان کو10 دن بعد 10 لیٹر کا سبسڈی ٹوکن ملےگا۔ وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ اور علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے طریقہ کار اور خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موٹرسائیکل والوں کو ہفتہ وار 5 لیٹر جبکہ گاڑی مالکان کو10 دن بعد 10 لیٹر کا سبسڈی ٹوکن ملےگا، پرانی گاڑی اور موٹرسائیکل بھی سبسڈی کیلئے اہل ہوگی، رجسٹریشن اپنے نام ہونا بھی ضروری نہیں، موٹرسائیکل سوار ہفتے میں ایک بار اور گاڑی مالک 10 دن میں ایک بار پیٹرول سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔ گاڑی کے لیے 10 لیٹر اور بائیک کے لیے 5 لیٹر کا ٹوکن ہوگا۔
پیٹرول سبسڈی کیلئے 15 سال پرانی موٹرسائیکلیں اور 20 سال پرانی گاڑیاں بھی اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گی۔ مزید برآں عالمی منڈیوں میں خام تیل کے نرخ تین فیصد اضافہ کے ساتھ 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کی صبح تیل کی قیمتوں میں اضافہ خلیج میں کشیدگی میں اضافے خاص طور پر سعودی عرب میں اہم تیل پائپ لائن کے بند ہو جانے کا نتیجہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ کی قیمت 3.21 ڈالر یعنی 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ 107.82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب کی مشرق۔مغرب تیل پائپ لائن ڈرون حملے کے بعد عارضی طور پر بندش سے تیل کی عالمی رسد کے چار فیصد تک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert