پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں، وفاقی حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاوٴن لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاوٴن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد نقل و حرکت محدود کرکے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سرکاری و نجی دفاتر کے لیے ہفتے میں صرف چار روز کام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ سرکاری ملازمین کو روٹیشن کی بنیاد پر دفاتر بلانے کا فارمولا بھی زیر غور ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں کے ملازمین مقررہ شیڈول کے مطابق کام کریں گے تاکہ دفاتر میں حاضری اور روزانہ سفر کی ضرورت کم کی جا سکے۔
اجلاس میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی لانے کے لیے تقریباً 50 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ حکومت کا مقصد ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ سرکاری اخراجات میں کمی لانا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلہ آج شام متوقع ہے، جس کے بعد نئی پالیسی کے خدوخال اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
