پشتونخواہ میپ کا چمن میں ٹارگٹ کلنگ، بدامنی اور سرحدی تجارت کے مسائل کے حل کے لیے 19 ستمبر کو پشتون قومی جرگہ منعقد کرنے کا اعلان

کوئٹہ جرگہ کے فیصلوں کو ضلعی سطح پر آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر مسائل کا اجتماعی حل نکالیں: عبدالرحیم زیارتوال


نواب ایاز خان جوگیزئی جرگے کی صدارت کریں گے، یہ صرف پشتونخوامیپ کا نہیں، پورے چمن کے عوام کا جرگہ ہے: صوبائی قیادت
چمن(ڈیلی قدرت)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت ضلع چمن کی ضلعی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے عہدیداران،علاقائی ابتدائی یونٹ صدور اور پارٹی کارکنان کی کثیر تعداد شریک تھی۔متوقع جرگہ کی تیاریاں و انتظامات اجلاس کا اہم ایجنڈا رہا اجلاس کا بنیادی ایجنڈا جنوبی پشتونخوا کے مرکزی شہر کوئٹہ میں منعقدہ پشتون قومی جرگہ کے تسلسل میں ضلع چمن کا پشتون قومی جرگہ منعقد کرنا تھا۔طویل مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع چمن کا ”پشتون قومی جرگہ” 19 ستمبر 2026 بروز ہفتہ کو چمن میں منعقد کیا جائے گا۔جرگہ کی صدارت پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کریں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے موجودہ حالات میں جرگہ کے مقاصد اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پشتونخوا کے عوام،پشتون قومی جرگہ منعقدہ 30اگست تا یکم ستمبر 2026کے اعلامیہ کی روشنی میں چمن کا جرگہ منعقد کیا جارہا ہے۔ پشتون قومی جرگہ میں کیے گئے فیصلوں کو ضلع کی سطح پر آگے بڑھانا اور عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چمن کے پشتون قومی جرگہ کے اہم نکات میں امن و امان چمن میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ، بدامنی اور انتظامیہ کی نااہلی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔بارڈر و تجارت ڈیورنڈ لائن پر تاجروں اور عام شہریوں کو درپیش مشکلات، سفری دستاویزات اور سرحدی تجارت کے مسائل پر بات ہو گی۔ چمن کی صحت تعلیم،روزگار تجارت اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی سمیت پشتون قوم کے آئینی، سیاسی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے آئندہ کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔تمام سیاسی، سماجی، مذہبی اور قبائلی نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے چمن کے مسائل کا اجتماعی حل نکالا جائے گا۔اجلاس میں جرگہ کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ یہ جرگہ صرف پشتونخواملی عوامی پارٹی کا نہیں بلکہ پورے چمن کے عوام کا جرگہ ہے۔انہوں نے چمن کے تمام سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، قبائلی عمائدین، علماء کرام، طلبہ اور سول سوسائٹی سے پرزور اپیل کی کہ وہ 19 ستمبر کو کثیر تعداد میں شرکت کر کے اپنی قومی ذمہ داری ادا کریں۔صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے کہا کہ ”کوئٹہ جرگہ نے ہمیں راستہ دکھایا ہے۔ اب چمن کی باری ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرے ”۔

WhatsApp
Get Alert