حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑا اضافہ کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 415 روپے 83 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ مزید برآں ملک میں تیل وگیس کی پیداوارمیں ہفتہ واربنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی پی آئی ایس اورانڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق 8 ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 67684 بیرل ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں ایک فیصد کم ہے، پیوستہ ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 68797 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی،اسی طرح 8 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3008ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں تین فیصد کم ہے ،پیوستہ ہفتہ میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3088ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی تھی، اعدادوشمارکے مطابق 8 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں اوجی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 33657بیرل اورگیس کی اوسط یومیہ پیداوار 636ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 12396بیرل اورگیس 597ایم ایم سی ایف ڈی، پی اوایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار4079 بیرل اورگیس 49 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ ماڑی پیٹرولئیم کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 1076بیرل اور گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 867 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert