کراچی: کورونا کیسز کی شرح 40 فیصد کے قریب

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کا رونا ختم نہ ہوسکا مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ سامنےآ رہا ہے، 1 ہفتے میں کورونا کی شرح ساڑھے 15 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 39 اعشاریہ 39 فیصد ہو گئی، جہاں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 124 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں نئے 2 ہزار 412 کیسز رپورٹ ہوئے۔
کراچی میں گھر گھر بخار اور گلے کے درد کی شکایات عام ہیں، ایک اندازے کے مطابق شہر کی 40 فیصد تک آبادی بخار میں مبتلا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے اعلانات اب تک اعلانات تک ہی محدود ہیں، عملی اقدامات نظر نہیں آسکے۔
این سی او سی نے صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس کل طلب کرلیا، کل ہی سے اندرونِ ملک پروازوں اور ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔حیدر آباد میں کورونا وائرس کے 1 ہزار 24 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے نتیجے میں 88 ٹیسٹ مثبت آئے، جبکہ شرح 8 اعشاریہ 59 فیصد رہی۔لاہور میں کورونا کے 8 ہزار 166 ٹیسٹ کیے گئے، 669 مثبت آئے، مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 19 فیصد رہی۔
راولپنڈی میں کورونا کے 1 ہزار 259 ٹیسٹ کیے گئے، 96 مثبت آئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 63 فیصد ریکارڈ کی گئی۔پشاور میں کورونا کے 979 ٹیسٹ کیے گئے، 53 مثبت آئے، مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 41 فیصد ریکارڈ ہوئی۔کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 279 ٹیسٹ کیے گئے، 9 مثبت آئے، مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 23 فیصد رہی۔
اسلام آباد میں کورونا کے 5 ہزار 225 ٹیسٹ کیے گئے، 366 مثبت آئے، مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی۔مظفر آباد میں کورونا کے 18 ٹیسٹ کیے گئے، 1 ٹیسٹ مثبت آیا، مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 56 فیصد ریکارڈ ہوئی۔گلگت میں کورونا کے 67 ٹیسٹ کیے گئے، 4 مثبت آئے، شرح 5 اعشاریہ 97 فیصد رہی۔نوشہرہ میں کورونا کے 106 ٹیسٹ کیے گئے، 6 مثبت آئے، شرح 5 اعشاریہ 66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 12 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں، اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 24 ہزار 147 ہو چکی ہے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد پر آ گئی۔