میں عمران خان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہوں،شہباز شریف، مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم سے حساب لیں گے،بلاول بھٹو

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہوں۔باغی ٹی وی :پیٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھراضافے پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئےمسلم لیگ (ن) کےصدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ساڑھےتین سال صرف مہنگائی میں اضافہ کیا ہے، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، ملکی تاریخ کی سب سے زيادہ مہنگائی اس وقت ہے، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں۔ عمران خان اور حکومت نےعوام کے ساتھ بہت بڑاظلم کیا، غربت اور بے روزگاری نے ڈیرے جما رکھے ہیں، پی ڈیم ایم کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فی لیٹر پیٹرول پر 3 روپے اضافے پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام کا معاشی قتل قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے سے زائد اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ درحقیقت عوام کا معاشی قتل ہے گیس اور بجلی کے بعد اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکا ہے، ریاستِ مدینہ کا دعویٰ کرنے والے حکمران کو خبر ہو کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور اب پاکستان سے متعلق تمام فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں پیٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی، عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور اب پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو اسی مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہیے تو عمران خان کی حکومت سے نجات ضروری ہے جس کے لیے عوام 27 فروری کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے اور مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم سے حساب لیں گے۔