سینئر صحافی نصیر احمد کاکڑ پر مسلح حملہ آزادی صحافت پر وار ہے، ملوث غنڈہ عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی
جمہوری وطن پارٹی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے نصیر کاکڑ پر تشدد کی شدید مذمت، واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی کا صحافی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزا دینے پر زور
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں سینئر صحافی اور یو این اے نیوز ایجنسی کے بیورو چیف نصیر احمد کاکڑ پر مسلح حملے اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ نصیر احمد طویل عرصے سے مشکل حالات میں بھی اپنے پیشہ ورانہ فرائض بطریق احسن انجام دے رہے ہیں۔ ان پر حملے سے صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے، بیان میں حکومت اور انتظامیہ سے صورتحال کے فوری نوٹس لینے اور متاثرہ صحافی کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔
دوسری جانب، جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صوبائی نائب صدر زاہد احمد ناروئی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ہر قسم کے غنڈہ راج، تشدد، دھونس، دھمکی اور غیر قانونی اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ زاہد احمد ناروئی نے زور دیا کہ اختلافِ رائے یا کسی بھی تنازع کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ آئینی و قانونی طریقہ کار میں مضمر ہے، اور کسی گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان طارق احمد جعفری نے بھی نصیر احمد پر مبینہ حملے اور تشدد کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادیِ صحافت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے اصل محرکات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور ملوث افراد کو کڑی سزا دی جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری نے بھی نصیر احمد کاکڑ پر مبینہ تشدد کو انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور بلوچستان کی روایات کے منافی اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے پریس ریلیز میں انہوں نے نصیر کاکڑ کو ایک شریف النفس اور مہربان شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا معاشرے کی آنکھیں اور کان بند کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے صحافی برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان سے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
