پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے سستا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 390 روپے 79 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 424 روپے 92 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اعلامیہ کے مطابق خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ تیل کی عالمی قیمتوں کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر سوالات اٹھا دئیے گئے۔
سینیٹر عمر فاروق کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس ہوا۔
اس دوران سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فارمولے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران قیمتیں کم بھی ہوئیں، تاہم پاکستان میں قیمتوں میں کمی نظر نہیں آ رہی۔ موجودہ قیمتوں کے تعین میں مقامی تیل اور گیس کی پیداوار کو شامل نہیں کیا جا رہا، روزانہ قیمتوں کے فارمولے میں مقامی پیداوار کی ان پٹ کہیں نظر نہیں آتی۔
کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن سے موجودہ قیمتوں کے تعین کا تفصیلی تجزیہ طلب کرلیا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو دیے جانے والے ریلیف کی تفصیلات اور اس اسکیم کی تشہیر پر ہونے والے اخراجات بھی طلب کیے۔انہوںنے کہاکہ اگر ریلیف سے زیادہ رقم اشتہارات پر خرچ کی جا رہی ہے تو ریلیف دینے کا مقصد متاثر ہوگا۔
