سیاسی جماعتوں نے ہر بار غیر جمہوری عمل کو مداخلت کا راستہ فراہم کیا، ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا: مولانا عبدالغفور حیدری
آئین کی پاسداری کے دعویداروں نے مزاحمت کے نام پر آئین کو پیروں تلے روندا، آزادی اور انصاف کی سوچ کو دفن کیا جا رہا ہے

مقتدر حلقے جمہوریت کو کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں، جے یو آئی ہی ملک کو معاشی اور سیاسی دیوالیہ پن سے نکالے گی: مرکزی جنرل سیکرٹری جے یو آئی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ غیر آئینی اقدامات نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں اور مسائل سے دوچار کیا آئین پر من و عن عملدرآمد معاشرے میں امن و استحکام کو یقینی بناتا ہے آئین کی پاسداری کرنے کی دعویداروں نے سیاسی مزاحمت سے آئین کو پاؤں تلے روندا ہے محاذ آرائی سے سیاست و جمہوریت کے مستقبل بحران کی کیفیت سے دوچار ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے ہر بار غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل کو سیاست میں مداخلت کے لئے راستہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادی اور انصاف پر مبنی سوچ کو دفنانے کی کوشش ہورہی ہے مقتدر حلقے جمہوریت کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک مزید آئینی، سیاسی اور معاشی بحران کے متحمل نہیں۔ سیاسی افراتفری اور سازشوں سے نظام منجمد ہے ملک تیزی سے سیاسی بحران کے ساتھ معاشی طور پر دیوالیہ ہو رہا ہے۔قوم ان جمہوری مداریوں کی ریشہ دوانیوں کو سمجھ چکے ہیں اپنے بیانیے اور ایجنڈے کیلئے عوام کو استعمال کیاگیا جمعیت علمائے اسلام واحد جماعت ہے جو اس بحرانوں کا خاتمہ کریں گے۔
