ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ رہا نہ ہوسکے، دوبارہ گرفتار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو تحویل میں لے کر اڈیالہ جیل سے روانہ ہوئی۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ اسلام آباد پولیس ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ اڈیالہ جیل لے گئی۔ عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں دونوں ملزمان کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ آج ہی سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانتیں منظور کی تھیں۔ عدالت نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر کے خلاف ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا تھا کہ ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ کے زیرِ سماعت کیس کے حتمی فیصلے تک دی جا رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ دونوں وکیل ہیں ان کی عزت رکھ رہے ہیں، انہیں بھی کہہ دیں عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں۔
