سعودی عرب کا دفاع کرنے کیلئے پاکستان کسی بھی حد تک جائےگا، ترجمان پاک فوج
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے،حرمین شریفین کی حفاظت کیلیے وہاں موجود ہیں، سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے، سعودی سکیورٹی کے لئے ہمارا عزم غیرمشروط ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا عرب نیوز کو انٹرویو

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حملوں سے سعودی عرب کا دفاع کرنے کیلئے پاکستان کسی بھی حد تک جائےگا، پاکستان پوری طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے وہاں موجود ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے،کسی بھی جارحیت کیخلاف سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سعودی سکیورٹی کیلئے ہمارا عزم غیرمشروط ہے، یہ دونوں ملکوں کے عوام، افواج اور سیاسی قیادت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا تاریخی رشتہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے، سعودی عرب کا دفاع کرنےکیلئے پاکستان کسی بھی حد تک جائےگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو کبھی بھی عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جاتا، کسی حملے کا ردعمل کیا ہوگا، تینوں ممالک لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی کے مطابق اس پر عمل درآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مکہ معاہدے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، سب سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد خطے میں استحکام اور امن برقرار رکھنا ہے، دفاع سے متعلق دوسرے معاہدے بھی ہیں، جن میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانیاں ہیں۔
