ٹیکس میں اضافےکے بعد کون کونسی ادویات کی قیمتیں بڑھ گئیں؟ عوام کیلئے ایک اور بُری خبر

لاہور (قدرت روزنامہ) ملک میں متعدد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، خام مال پر عائد ہونے والے ٹیکس کے بعد بلڈ پریشر اور کولیسٹرول سمیت متعدد ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ناجائز منافع خوروں کی جانب سے کئی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔مہنگی ادویات کی فروخت میں ملوث منافع خوروں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کیے جانے کے دعووں کے باوجود ناجائز منافع خوری کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں ادویات کے خام مال پر 17.5 فیصد ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور معدے کی تیزابیت سمیت کئی ادویات مزید مہنگی کر دی گئی ہیں۔

یہاں واضح رہے کہ وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ منی بجٹ سے عام آدمی زیادہ متاثر نہیں ہوگا، سبزیوں، چکن، انڈے، گوشت اور آٹے پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، ادویات کے خام مال پر ڈیوٹی لگنے سے 15سے 20 فیصد قیمتیں کم ہوجائیں گی، زیادہ تر ٹیکسزامپورٹڈ اشیا پر لگائے گئے ہیں، امپورٹڈ دودھ پر سیلزٹیکس لگایا ہے۔بڑی گاڑیوں اور بیرون ملک ڈراموں پر ٹیکس لگایا ہے، ہم نے مقامی انڈسٹری کو تحفظ دیا ہے۔ اس حوالے سے سابق چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کی جانب سے بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ منی بجٹ میں حکومت نے نئے ٹیکس نہیں لگائے بلکہ چند چیزوں پر ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے جس سے عام آدمی متاثر نہیں ہو گا،اس بل کے نتیجے میں ادویات کی قیمتیں بڑھیں گی نہیں بلکہ ادویات سستی ہوں گی۔