دفاعی معاہدوں کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کو خیبر پختونخواہ کی چیخیں کیوں سنائی نہیں دے رہی ہیں؟ ایمل ولی خان


پشاور(قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کوہاٹ پولیس لائن مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ کوہاٹ پولیس لائن مسجد کا دھماکا انتہائی قابل مذمت ہے اور یہ ریاستی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسجد اللہ کا گھر ہے اور اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، ایسے مقام پر نمازیوں کو نشانہ بنانا قابل افسوس ہے۔
عبادت گاہوں میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی نہیں بنا سکتی تو عوام اپنے جان و مال کے تحفظ کی امید کس سے رکھیں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ وزیرستان سے باجوڑ، خیبر اور کوہاٹ تک خیبرپختونخوا مسلسل بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عالمی سطح پر جنگ بندیاں کرانے والے پختون سرزمین پر جاری اس جنگ پر کیوں خاموش ہیں۔ دفاعی معاہدوں کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کو خیبرپختونخوا کے عوام کی چیخیں بھی سنائی دینی چاہئیں۔ ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا کہ ریاستی ادارے شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں اور خیبرپختونخوا کو مزید تجربات اور سیاسی تماشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

WhatsApp
Get Alert