جمعیت علمائے اسلام (ف) کا 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت سے انکار کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے 27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے رابطہ ہوا تھا، تاہم جے یو آئی (ف) نے اس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر نے رابطہ کیا تھا، تاہم اس وقت وہ خود موجود نہیں تھے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما علی ظفر بھی ان سے ملاقات کے لیے آئے۔ علی ظفر کو معلوم تھا کہ جے یو آئی (ف) پہلے ہی 27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت سے معذرت کر چکی ہے، اس لیے بعد ازاں ہونے والے معاملات پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے مختلف تجاویز سامنے آئیں اور اس حوالے سے بات چیت ہوئی۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر بھی ان تجاویز پر غور کیا گیا ہوگا، تاہم جے یو آئی (ف) نے واضح کر دیا تھا کہ اس کے لیے احتجاج میں شرکت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے ہی احتجاج کا فیصلہ کر چکی تھی اور اس کے بعد دوسری نوعیت کی سیاسی جماعت کو ایک ہفتہ قبل اپنی سیاسی طاقت احتجاج میں شامل کرنے کی دعوت دینا مناسب نہیں تھا۔ ان کے بقول یہ فیصلہ دونوں جماعتوں کے لیے موزوں نہیں تھا۔ واضح رہے صحافی سید ذیشان عزیز یہ خبر پہلے ہی دے چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے “لانگ مارچ” میں شرکت سے صاف انکار کر دیا ہے کہ یہ “لانگ مارچ” والی بات ہمارے ساتھ نہ کریں. اب سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے کہ جے یو آئی (ف) 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت نہیں کر رہی۔
