اس دفعہ پہلے جیسا نہیں ہوگا کہ ہم اپنی لاشیں اٹھائیں، انہیں دفن کریں اور پھر خاموش ہو جائیں، جنید اکبر

مردان (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخواہ کے صدر جنید اکبر خان نے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ سے متعلق کہا ہے کہ اس بار پی ٹی آئی کے قافلے صرف ایک راستے سے نہیں بلکہ موٹروے، جی ٹی روڈ، ڈی آئی خان روڈ اور مارگلہ کے پہاڑوں سے بیک وقت وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق مردان میں رکنِ قومی اسمبلی و پشاور ریجن کے صدر عاطف خان کی میزبانی میں حارث خان تورو کی رہائش گاہ پر منعقدہ 27 ستمبر لانگ مارچ کی تیاریوں سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جو جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ پہلی بار جب ہم نکلے تھے تو ہم مغالطے اور خام خیالی میں تھے اور ریاست کو ماں سمجھ رہے تھے، ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ اپنے ہی شہریوں اور سیاسی کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلائی جا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں ہم اپنی لاشیں اٹھا کر واپس آئے۔
اس بار ہم صرف ایک راستے سے نہیں جائیں گے، ہم موٹروے سے بھی جائیں گے، اور جی ٹی روڈ سے بھی جائیں گے۔
اس دفعہ پہلے جیسا نہیں ہوگا کہ ہم اپنی لاشیں اٹھا کر، ان کو دفن کریں اور خاموش رہیں گے۔جنید اکبر کی گفتگو 🔥 pic.twitter.com/kSZIBW1LPl
— Faisal Khan (@KaliwalYam) September 20, 2026
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر نے خبردار کیا کہ اس بار ہمیں پوری طرح معلوم ہے کہ ریاست ہم پر گولی چلا سکتی ہے، لیکن اس دفعہ ایسا ہرگز نہیں ہوگا کہ ہم محض اپنی لاشیں اٹھائیں، انہیں خاموشی سے دفن کریں اور گھروں میں بیٹھ جائیں، اس بار لاشیں اٹھائیں گے اور پھر فوراً لوٹیں گے۔
جنید اکبر نے 27 ستمبر کے احتجاج کو آر یا پار کی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو یا تو مرنا ہے یا پھر نیا پاکستان بنانا ہے کیونکہ اگر اس بار ہم ناکام ہوگئے تو آئندہ ساری زندگی سیاسی و آئینی طور پر دوبارہ نہیں اٹھ سکیں گے، کامیابی و ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے، تمام قیادت اپنے ورکرز کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہو۔ بتایا گیا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی شہرام خان ترکئی، علی محمد خان، مجاہد خان، احتشام خان، زرشد خان، فیصل خان ترکئی، امیر فرزاد اور خورشید عالم خان سمیت مردان کے تمام تنظیمی عہدیداران اور ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مقررین نے عزم ظاہر کیا کہ عمران خان کی فوری رہائی، حقیقی آزادی کے حصول، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی بحالی کے لیے 27 ستمبر کو مردان سے تاریخی اور بے مثال عوامی قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔
