پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما حیات خان اچکزئی کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی قائد جمہوریت بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ پر دلی مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، حیات خان اچکزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما حیات خان اچکزئی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے پرمسرت موقع پرانہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہیدوں کے حقیقی وارث اور اس ملک میں جمہوریت کی روشن امید ہیں۔ انہوں نے نہایت کم عمری میں اپنے عظیم نانا قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کا علم سنبھالا اور ثابت کیا کہ وہ اقتدار کی نہیں بلکہ صرف اور صرف عوام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے جس تدبر اور حکمت سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کیا، اس نے دنیا بھر میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ وہ آج کے نوجوانوں کی بیدار آواز اور ان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔ اپنے عظیم نانا اور عظیم والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وہ عوام کے حقوق کے علمبردار بنے، اپنی شہید والدہ کی طرح نفرت اور تقسیم کے بجائے مفاہمت اور جمہوریت کی سیاست کو فروغ دیا، اور اپنے والد صدر آصف علی زرداری کی مانند آئین و پارلیمان کے مضبوط محافظ بن کر سامنے آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک ایسے بااصول اور محبِ وطن لیڈر ہیں جن کے لیے ملک کی عزت اور آئین کی بالادستی کسی بھی ذاتی یا سیاسی مفاد سے بالا تر ہے۔ آج ان کی سالگرہ کے اس موقع پر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ بلوچستان کے جیالے اپنے چیئرمین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک کے غریب و مستحق عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert