ریاست فوری طور پر اپنا طرزِ عمل تبدیل کرے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن اراکینِ پارلیمنٹ اور بانیِ پی ٹی آئی عمران خان کے اہل خانہ کی گرفتاریوں پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس وقت اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور خاندان کے افراد کو حراست میں لینے سے ملک میں حالات مزید کشیدہ اور خراب ہوں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے مقتدر حلقوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ اور پارلیمنٹیرینز کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، جن کے ہاتھ میں اس وقت اختیار اور طاقت ہے، انہیں چاہیے کہ وہ ملک کی سنگین ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال پر ایک مرتبہ ٹھنڈے دل سے نظرِ ثانی کریں، عظمیٰ بی بی اور نورین بی بی کی گرفتاری دیگر خواتین اور اہل خانہ کی اس طرح حراست کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے ریاست سے اپنے رویے میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو مزید کسی تصادم، کشیدگی یا افراتفری کی نہیں بلکہ سیاسی تناؤ کے فوری خاتمے کی اشد ضرورت ہے، ریاست کو فوراً اپنا جارحانہ طرزِ عمل تبدیل کرنا چاہیے کیونکہ ہم کوئی ناجائز مطالبات نہیں کر رہے، ہم صرف اور صرف آئین و قانون کے تحت انصاف مانگ رہے ہیں اور اسی انصاف کی فراہمی کے لیے پرامن آواز اٹھا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert