پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 61 پیسے مہنگا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 96 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 75 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 422 روپے 8 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد فی بیرل قیمت 100ڈالر سے نیچے آگئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 5فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے اور یہ تقریباً 95 ڈالر فی بیرل کے قریب فروخت ہو رہا ہے۔
برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں ساڑھے 3 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ 99 سے 100 ڈالر فی بیرل کے درمیان ٹریڈ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی پیش رفت کی امیدوں کے باعث ہوئی ہے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کو لانگ مارچ روکنے پر ایک سال کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔ اےآروائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کا سپرلانگ مارچ ملتان کی طرف آگے بڑھ رہا ہے، اسی دوران حکومت نے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور سپر لانگ مارچ روکنے پر اصرار کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی نے اس مطالبے پر اپنا مئوقف پیش کیا ہے کہ سپرلانگ مارچ لیوی کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ توقع ہے پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف بھی جماعت اسلامی قیادت سے رابطہ کریں گے۔ یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ جماعت اسلامی کا مارچ کا اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی بریک تھرو ہوجائے۔ حکومتی وفد کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کے وطن واپسی پرآن بورڈ ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے اور وزیراعظم کی وطن واپسی پر جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
