نوشکی’پولیو ٹیم پر حملہ، سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید، حملہ آور اسلحہ لے کر فرار
پولیو ٹیم پر حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے: بابر یوسفزئی کی شدید مذمت

‘فتنۃ الہندوستان’ صوبے کے امن اور بچوں کا دشمن ہے، دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے: معاون برائے داخلہ
نوشکی(قدرت روزنامہ)نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالراوف موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد مسلح افراد شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی چھین کر اپنے ساتھ لے گئے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ‘فتنۃ الہندوستان’ کی کارروائی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان نے دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کیا، پولیو ٹیم پر یہ حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر بلوچستان کے امن اور بچوں کے مستقبل کے کھلے دشمن ہیں، جو نہیں چاہتے کہ صوبے میں امن آئے، ترقی ہو اور بیماریوں کا خاتمہ ہو۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں میں مستقل معذوری کا سبب بن سکتی ہے اور ویکسینیشن ہی اس سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ جو عناصر پولیو ٹیموں کو نشانہ بناتے ہیں، وہ دراصل بلوچستان کے بچوں کو صحت مند اور محفوظ مستقبل کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے بچوں کو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے گھر گھر جا رہے ہیں، ان کی حفاظت ریاست کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
معاون برائے داخلہ نے واضح کیا کہ بلوچستان کے بچوں کو دہشت گردی اور بیماری نہیں بلکہ تعلیم، صحت، امن اور روشن مستقبل چاہیے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم بلوچستان کے بچوں کا مستقبل تبدیل نہیں کر سکتے اور حکومت بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
