اماراتی شہریوں اور رہائشیوں کیلئے بڑی خوشخبری
اتحاد ریل کا نیا دور شروع، دبئی سے ابوظہبی آرام دہ، سستے اور تیز ترین سفر کی ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز ہوگیا، پہلی ٹرین کا شیڈول جاری

دبئی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے جدید ترین قومی ریل نیٹ ورک اتحاد ریل کے ذریعے دبئی سے ابوظہبی کے سفر کے لیے مسافر ٹکٹوں کی فروخت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، سروس خدمات کا آغاز 30 ستمبر 2026ء سے ہوگا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی کے مرکزی اسٹیشن، جسے سرکاری طور پر ’ال یلائس اسٹیشن‘ کا نام دیا گیا ہے، یہاں سے سفر کرنے کے خواہش مند مسافر اب اتحاد ریل کی آفیشل ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے اپنی سیٹیں بک کروا سکتے ہیں، دبئی سے ابوظہبی کے لیے ایک طرفہ سفر کا ابتدائی کرایہ 39 درہم مقرر کیا گیا ہے، دبئی سے ابوظہبی کے لیے پہلی مسافر ٹرین 30 ستمبر کی صبح 6 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ دبئی کا ال یلائس اسٹیشن شارجہ کے الذید اسٹیشن کے ساتھ 30 ستمبر 2026ء کو عوامی خدمات کے لیے کھولا جا رہا ہے، یہ نیا اسٹیشن جمیرا گولف اسٹیٹس میں شیخ محمد بن زاید روڈ کے قریب واقع ہے، جس کے باعث الفرجان، دبئی انویسٹمنٹ پارک اور دبئی ساؤتھ کی اہم آبادیوں کے لیے اتحاد ریل تک رسائی انتہائی آسان اور تیز تر ہو جائے گی، اس سروس کے آغاز سے دونوں بڑے شہروں کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو آرام دہ، سستا اور تیز ترین سفری متبادل میسر آئے گا۔
