نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ، وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی شدید مذمت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حملے میں سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج ہوا۔ ہمارے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ امن دشمن عناصر بلوچستان کے مستقبل کو اپاہج بنانے کی مذموم سازشیں کر رہے ہیں۔ پولیو ٹیمیں فرنٹ لائن ورکرز ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری ہماری جدوجہد کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 22 ماہ سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، جو صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کا اہم نتیجہ ہے۔ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے بزدل دہشت گرد بلوچستان کے مستقبل سے گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ پولیو ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی صورت غفلت نہیں برتی جائے گی۔ صحت مند اور ترقی یافتہ بلوچستان ہی امن دشمن عناصر کی مکار سازشوں کا مؤثر جواب ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد عناصر چاہے جتنی کوشش کرلیں، حکومت بلوچستان اپنے بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ اپنی سرزمین اور آنے والے کل کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بلوچستان میں بے امنی کے داعی جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں شہید اہلکاروں کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

WhatsApp
Get Alert