بچہ پیدائش کے بعد جلد دنیا چھوڑ گیا تھا، اسد صدیقی کا انکشاف

کراچی (قدرت روزنامہ)شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی زارا نور عباس اور اسد صدیقی کچھ عرصہ قبل اپنی زندگی کے تکلیف دہ دور سے گزرے جب جوڑے نے اپنے بچے کو کھویا۔اسد صدیقی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں زندگی کے اس تکلیف دہ مرحلے پر کھل کر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بچے کی پیدائش قبل از وقت ہوگئی تھی جس کے بعد بچہ زیادہ عرصہ زندہ نہ رہ سکا اور انتقال کرگیا۔
اسد صدیقی نے بتایا کہ ہمارا بچہ ضائع نہیں ہوا بلکہ زارا نے ایک بیٹے کو جنم دیا تھا جس کا نام ہم نے ’اورنگزیب‘ رکھا تھا۔اداکار نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد شروعات میں چیزیں کافی اچھی تھیں لیکن بعد میں کچھ پیچیدگیاں ہوئیں اور ہم نے اللہ کی مرضی سے اپنے بچے کو کھو دیا۔
اداکار نے بتایا کہ بچے کی پیدائش پانچویں یا چھٹے ماہ میں ہوئی تھی جس کی انہوں نے خود اپنے ہاتھوں سے تدفین کی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خاص طور پر زارا کے لیے بہت مشکل وقت تھا۔ وہ بہت سی تکلیفوں، ہارمونز کی تبدیلیوں اور بہت سی دوسری چیزوں سے گزری۔اداکار نے کہا کہ میں کافی افسردہ تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہوتا ہے، جو کچھ اس نے ہماری قسمت میں لکھا ہے، وہ ہمیں ضرور ملے گا۔ آپ کبھی نہیں جانتے، شاید اللہ نے ہمارے لیے کچھ بہتر لکھا ہو۔