اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف وزری ہوئی تو توہین عدالت کا پہلا ملزم وزیر اعلیٰ کے پی ہونگے، طلال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف وزری ہوئی تو توہین عدالت کا پہلا ملزم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہونگے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات، مفاہمت اور خواہشات الگ چیز ہیں، این آر او 2 الگ چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی، وزیراعظم کی کمیٹی بھی موجود ہے اور اسپیکر کا آفس بھی موجود ہے لیکن ہم این آراو نہیں دے سکتے ۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ اپنی کرسی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف وزری ہوئی تو توہین عدالت کا پہلا ملزم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہوں گے۔
طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ کے معاملے پر آج پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انوکھے قانون سے پولیس کو گھر کی لونڈی اور غلام بنانا چاہتی ہے۔
