بلوچستان حکومت کا کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے نئے اقدامات کا اعلان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے نئے کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کردیا ہے، جن پر فوری طور پر عمل درآمد شروع ہوگا۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کے کوٹے میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری اور سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت سرکاری دعوتوں، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ حکومتی اخراجات میں 5 فیصد کمی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر بھی سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مارکیٹیں رات 9 بجے بند ہوں گی
نئے اقدامات کے تحت صوبے بھر میں مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کردیئے جائیں گے۔
اسی طرح شادی ہالز کو رات 10 بجے تک بند کرنا ہوگا، جبکہ ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کاروبار بند کرنے کے پابند ہوں گے۔
تاہم فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور دودھ کی دکانیں مقررہ اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
بلوچستان حکومت کے مطابق کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت سے متعلق یہ تمام اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
