سول سیکرٹریٹ جعلی تھریٹس کے ذریعے خالی کرایا گیا، سہیل آفریدی
سکرٹریٹ کینٹ ایریا میں آتا ہے جس کی سکیورٹی ان کے پاس ہے، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے میں ڈر جاؤں گا یا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جاؤں گا تو یہ غلط سوچتے ہیں، جس مسجد کو تھریٹ تھا میں نے اسی مسجد میں نماز پڑھی ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کی پریس کانفرنس

پشاور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کو مبینہ جعلی سکیورٹی تھریٹس کی بنیاد پر خالی کرایا گیا، حالانکہ یہ علاقہ کینٹ میں آتا ہے اور اس کی سکیورٹی متعلقہ اداروں کے پاس ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے وہ خوفزدہ ہو جائیں گے یا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ غلط سوچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس مسجد کے بارے میں سکیورٹی تھریٹ جاری کیا گیا تھا، انہوں نے اسی مسجد میں نماز ادا کی۔
سول سیکرٹریٹ کو جعلی تھریٹس سے خالی کروایا گیا، یہ کینٹ ایریا میں آتا ہے جس کی سیکیورٹی انکے پاس ہے۔ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے میں ڈر جاؤنگا یا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جاؤنگا تو یہ غلط سوچتے ہیں، جس مسجد کو تھریٹ تھا میں نے اسی مسجد میں نماز پڑھی ہے۔ وزیراعلی سہیل… pic.twitter.com/De9Oku1jMw
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) September 25, 2026
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، حکومت سڑکوں پر کیلیں ٹھوکے، کنٹینرز لگائے یا گولیاں چلائے، اس بار وہ سڑکوں پر نکلیں گے اور اپنے سیاسی مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے یا دیگر ہتھکنڈے استعمال کرکے انہیں خوفزدہ کیا جا سکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جعلی نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ سڑکوں پر کیلیں لگا کر خیبرپختونخوا کو ملک کے دیگر حصوں سے کاٹنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبائی وزرا پر میڈیا سے بات کرنے کی پابندی عائد کیے جانے کا کیا مقصد ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ دوسرے صوبے کے سرکاری اہلکار ان کے صوبے میں داخل ہوکر لوگوں سے جھگڑ رہے ہیں۔ اس طرز عمل سے حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔
